بنگلورو،24فروری(ایس او نیوز) آئندہ 2مارچ کو ریاستی وقف بورڈ کے ہونے والے انتخابات سے متعلق آج سہ پہر 3بجے یہاں رٹرنگ افسر کے دفتر میں امیدواروں کاایک اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ جس میں سوائے ایک امیدوار ذیشان علی کے دیگر 13امیدوار بذات خود یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔پولنگ کے چار ڈیویژن میں منعقد کرنے پرچند امیدواروں نے اعتراض کیا اور کس ڈیویژن میں کتنے اضلاع شامل ہیں اس کی تفصیل طلب کی ۔ تمام امیدواروں کو مختلف ڈیویژنوں میںآنے والے اضلاع کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں۔ اس سے پہلے بھی یہ اعلان کیا جاچکا ہے کہ کس ڈیویژن میں کتنے اضلاع شامل ہیں ۔ اس الیکشن کیلئے آج باقاعدہ پولنگ بوتھوں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ مسلم لیجس لیٹرس زمرہ سے تین امیدوارمیدان میں ہیں ۔ جس میں سے دو امیدواروں کو منتخب کرنا ہے ۔ اس زمرہ کے لئے موجودہ مسلم لیجس لیٹرس( اراکین اسمبلی اور کونسل ) ووٹ دے سکتے ہیں ۔ اس کے پولنگ بوتھ نمبر21B-1یتیم خانہ اہل اسلام نمبر43ڈکنسن روڈ بنگلور۔42میں ہے ۔ یہ بوتھ پوری ریاست کے مسلم لیجس لیٹرس کیلئے ہے۔ تمام مسلم لیجس لیٹرس کو اسی پولنگ بوتھ میں اپنا ووٹ دینا ہوگا۔متولی زمرہ سے 14امیدوار میدان میں ہیں ،جن میں سے2امیدواروں کا انتخاب کرناہے ۔ اس زمرہ کیلئے ریاست کے چار ڈیویژنوں میں پولنگ ہوگی ۔ پورے بنگلور و ڈیویژن کی پولنگ بنگلور میں یتیم خانہ اہل اسلام کے احاطہ میں پولنگ ہوگی۔ سیریل نمبر1تا312ووٹرس (متولی ) یہاں اپنا ووٹ دیں گے ۔ میسور ڈیویژن کے تمام اہل متولیوں کیلئے سیریل نمبر 313 تا 521کیلئے کورٹ ہال اسسٹنٹ کمشنر دفتر ، میسور سب ڈیویژن روم نمبر10ڈی سی آفس بلڈنگ میں پولنگ کاانتظام کیا گیا ہے۔ بیلگاوی ڈیویژن کے تمام اہل متولیوں سیریل نمبر522تا698کیلئے اسسٹنٹ کمشنر دفتر ، بیلگاوی سب ڈیویژن ڈی سی کامپاؤنڈ بیلگاوی کے بوتھ میں اپنا ووٹ دیں گے ۔ کلبرگی ڈیویژن کے تمام متولیوں سیریل نمبر699تا913کیلئے اسسٹنٹ کمشنر آفیس ، کلبرگی سب ڈیویژن کلبرگی میں اپنا ووٹ دیں گے ۔ رٹرنگ افسر نے یہ اطلاع دی ہے ۔اسسٹنٹ رٹرنگ افسر وی ای او ریاستی وقف بورڈ الیاس احمد نے بتایا کہ متولی زمرہ کے تمام 14امیدواروں پر مشتمل بیلیٹ پیپر ایک ہی کالم میں تیار کیا گیا ہے ۔